کوئٹہ(خ ن)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈاور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(FPCCI)کے اشتراک سے27 اور 28جنوری کو ہونیوالی بلوچستان بزنس سمٹ کی تیاریوں کے حوالے سے یونیورسٹیز کی طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ ایک تعارفی سیشن ہوا۔ جس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیر خان زرکون، ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین میں زاہد حسین، مختلف کمپنیوں کے نمائندوں،یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب(UCP)، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(UMT)کے طلباءو طالبات نے شرکت کی، سی ای او عبدالکبیر زرکون نے شرکاءکو بلوچستان بزنس سمٹ اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان بزنس سمٹ میں ملک کی اعلیٰ قیادت سمیت غیر ملکی سفارکار،مختلف بزنس گروپس کے نمائندے، سرمایہ کاری کمپنیاں اور دیگراسٹیک ہولڈرز شرکت کرینگے، یہ سمٹ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان صوبے میں کاروباردوست ماحول کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ یہاں سرمایہ کاری میں اضافہ کر کے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں متعین کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کے تحفظات اور خدشات دور کر کے انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔