• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سولرائزیشن کے بعد صارفین کے کنکشن منقطع کرنے کا عمل جاری ہے، کیسکو

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی جانب سے صوبہ کے ان تمام زرعی صارفین کے ٹرانسفارمر ، ایچ ٹی کھمبے و دیگر برقی آلات ہٹانے کا عمل جاری ہے جنہیں صوبائی حکومت نے سولرائزیشن منصوبہ میں شامل کیا ، منصوبے کے تحت پہلے فیز میں ضلع کوئٹہ اور پشین کے زمینداروں کو زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے رقوم دی جاچکی ہیں جس کے بعد مذکورہ زرعی صارفین کے ٹرانسفارمر اور برقی کنکشنز منقطع کئے جارہے ہیں تاکہ زرعی کنکشن سولرائزیشن کے بعد دوبارہ کیسکو کے نیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکیں ۔ ترجمان کیسکو کے مطابق اس سلسلے میں کیسکو کی ٹیموں نے ضلع کوئٹہ میں زرعی صارفین کے 187 ٹرانسفارمر اور206 ایچ ٹی کھمبے جبکہ ضلع پشین میں108 ٹرانسفارمر اور 343 ایچ ٹی کھمبوں سمیت دیگر متعلقہ برقی آلات اُتار دئیے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق کیسکو نے اب تک مجموعی طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہونے والے زمینداروں کے 295 ٹرانسفارمر اور 549 ایچ ٹی کھمبوں اور ان کے ساتھ منسلک دیگر برقی آلات اتار دئیے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں ضلع کوئٹہ اور پشین میں زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے ہٹانے کے منصوبہ پر 20دسمبر2024سے کام شروع کیاگیا جسے 24جنوری 2025تک مکمل کرلیاجائے گا۔ لہٰذا ایسے تمام زرعی صارفین جن کو حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں رقم مل چکی ہےوہ اپنے بجلی کنکشن شمسی توانائی پر منتقل اور کیسکونیٹ ورک سے زرعی کنکشن ہٹانے میں کیسکو ٹیموںسے تعاون کریں۔
کوئٹہ سے مزید