بگن میں ڈی سی کرم جاوید اللّٰہ محسود پر حملے میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقدمے میں نامزد 5 ملزمان میں سے اب تک 3 گرفتار ہوچکے ہیں۔ اسی دوران پاراچنار پریس کلب کے باہردھرنا دے کر سڑک بند کرنے والے 200 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
دوسری جانب پشاور کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) میں سابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کرم جاوید محسود کا کامیاب آپریشن کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے جاوید محسود کی ران کی ہڈی جوڑی۔ ان کو جسم میں تین گولیاں لگی ہیں۔ ایک گولی کندھے، دوسری پیٹ اور تیسری ٹانگ میں لگی، ان کے جسم سے ابھی تک گولیاں نہیں نکالی گئیں، انہوں نے قافلے کی روانگی سے ایک رات قبل جرگہ ممبران سے ملاقات کی تھی۔
جرگہ ممبران کی رضامندی سے بارہ بجے قافلہ لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاوید محسود دو ناراض عمائدین کو منانے اور روڈ کھلوانے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق جاوید محسود صدا سے چھپری آرہے تھے کہ بگن چوک میں گاڑی پر فائرنگ ہوئی، ڈرائیور نے واپسی کیلئے گاڑی گھمائی، اسی دوران جاوید محسود کو گولیاں لگیں۔