کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2025 میں ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا ۔ گذشتہ سیزن قومی انڈر19ٹورنامنٹ ایک دن روک کر ختم کردیا ہے لیکن اس سال یہ ٹورنامنٹ شیڈول کا حصہ ہے۔ تین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس بشمول کراچی میں جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ-1 کیلنڈر کے اہم ٹورنامنٹس ہوں گے۔وائٹ بال میں ایک 50 اوور کا لسٹ- اے ایونٹ، تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک نان فرسٹ کلاس تین روزہ ٹورنامنٹ شامل ہے۔ U15 اور U17 ٹورنامنٹس، اور چیمپئنز U19 ون ڈے کپ اور تین روزہ ٹرافی کے میچز بھی ہونگے۔ 2025 میں کل 21 ڈومیسٹک، ایج گروپ اور پاتھ ویز ٹورنامنٹس ہونگے۔ اس میں کم از کم 131 فرسٹ کلاس، 37پچاس اوور کے لسٹ- اے اور 119 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ کلب، ایج گروپ، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 10000 سے زیادہ میچز ہوں گے ۔ قومی T20 کپ مارچ ،پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ II، نان فرسٹ کلاس تین روزہ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ، اپریل اور مئی ، پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن اپریل اور مئی میں ہوگا۔ قائد اعظم ٹرافی اور چیمپئنز کپ ستمبر اور اکتوبر میں ہونگے۔50 اوور کا لسٹ-اے ٹورنامنٹ ، پریذیڈنٹ کپ گریڈ-I نومبر- دسمبر میں، جس کے بعد چیمپئنز T20 کپ کا دوسرا ایڈیشن ہوگا۔ چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جنوری 2026 میں کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 کپ ستمبر میں 18 علاقائی ٹیموں کے درمیان مقابلہ کیا جائے گا ۔ انڈر 19 مینز کرکٹرز کو پانچ مینٹورز کی رہنمائی میں افتتاحی پانچ ٹیموں کے چیمپئنز انڈر 19 کپ اور ٹرافی کے لیے جمع کیا جائے گا اور یہ دونوں ٹورنامنٹس اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔