کراچی (اسٹاف رپورٹر) لندن کے ڈاکٹر نے ٹیسٹ اوپنر صائم ایوب کے معائنے کے بعد کہا ہے کہ ٹخنہ بہتر ہے ، وہ اب ٹانگ پر وزن ڈال سکتے ہیں۔ ٹیسٹ رپورٹس پی سی بی میڈیکل پینل کو بھیجی جائیں گی۔ جمعرات کو صائم ایوب اپنے گھٹنے کی چوٹ کا معائنہ کرانے سینٹرل لندن میں کلینک گئے۔ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی بیٹر کا اسپیشلسٹ ڈاکٹر ڈیوڈ ریڈ فرن سے اپائنٹمنٹ تھا۔ علاج کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہورہی ہے۔ اظہر محمود نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے صورتحال کافی بہتر ہے، سرجری ہوئی تو کب ہوگی یہ میڈیکل پینل ہی بتائے گا۔ معائنے کی رپورٹ جلد سامنے آجائے گی۔ قبل ازیں رات کو صائم اپنے دوستوں کے ساتھ ایجویئر کے علاقے میں مشہور پاکستانی ریسٹورنٹ میں نہاری کھانے گئے۔ شائقین نے صائم ایوب کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔