غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 70 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 15 ماہ سے زائد جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 46 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 9ہزار 378 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہداء اور زخمیوں میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی فوجی کو اسنائپر حملے میں ہلاک کردیا، القدس بریگیڈز، مصر نے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جمعرات کے روز بھی جاری رہا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 70فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی محکمہ شہری دفاع نے رپورٹ کیا ہے کہ تین بچیاں اور ان کے والد اس وقت شہید ہو گئے جب وسطی غزہ میں نصیرت پناہ گزین کیمپ میں ان کے گھر پر اسرائیل نے بمباری کردی۔ ایک علیحدہ حملے میں، آٹھ فلسطینی اس وقت شہید ہوگئے جب اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ان کے مکان پر حملہ کردیا۔ غزہ میں سرگرم اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے کہا ہے کہ انہوں نے غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں ایک اسرائیلی فوجی کو اسنائپر حملے میں ہلاک کردیا ہے۔