کولمبو (اے ایف پی) سری لنکا کی ایک عدالت نے گزشتہ روز ایک سیاسی طور پر بااثر، آتش پرست بدھ راہب گالاگوداتے گنااسارا کو اسلام کی توہین اور جزیرہ نما ملک میں مذہبی منافرت کو ہوا دینے کے الزام میں دوسری بار جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔2016میں دیے گئے اسلام مخالف بیانات پرگالاگوداتے گنااسارا کو گزشتہ روز مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام میں 9 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔خیال رہے کہ انہیں گزشتہ سال سری لنکا کی مسلم اقلیتی کمیونٹی کے خلاف نفرت پھیلانے کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا ،تاہم 4 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔22ملین کی آبادی میں مسلمان 10 فیصد ہیں۔راہب سابق صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے قریبی ساتھی ہیں، جنہوں نے انہیں 2021میںمذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے سری لنکا کے قانونی نظام میں اصلاحات کے لیے ایک پینل کا سربراہ بنایا تھا۔اس وقت، حزب اختلاف کے قانون ساز شاناکیان راسمانیکم نےگالاگوداتے گنااسارا کی تقرری کو ستم ظریفی قرار دیا تھا۔2018 میں، گالاگوداتے گنااساراکو لاپتہ کارٹونسٹ کی اہلیہ کو ڈرانے اور توہین عدالت کے الزام میں چھ سال کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔