دبئی (سبط عارف) دبئی میں ’’ون بلین فالورز سمٹ‘‘ جو مواد تخلیق کرنے والوں کے لئے دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، 11سے 13 جنوری 2025تک دبئی کے ایمریٹس ٹاورز اور میوزیم آف دی فیوچر میں منعقد ہوگا۔ اس سربراہی اجلاس میں ایلون مسک کی والدہ مے مسک سمیت دنیا بھر سے 125 سے زیادہ کاروباری رہنما اور بااثر شخصیات بھی شرکت کریں گے۔ مقررین میں مصری ارب پتی نجیب سویرس، ناسا، لنکڈ ان، ایڈوب، روبلوکس، وارنر بروز اور ڈسکوری کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات کے سرکاری میڈیا آفس نے سمٹ کا اہتمام کیا ہے۔ میڈیا آفس کے مطابق، ایونٹ میں اس بات پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ کس طرح مواد کو تھیم "گڈ فار گڈ" کے تحت بہتری کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس پروگرام میں AI کے تازہ ترین رجحانات، ڈیجیٹل تخلیقی صلاحیتوں، اور تخلیق کار اپنے مواد سے اپنا کیریئر کیسے بنا سکتے ہیں کے بارے میں گفتگو، ورکشاپس، اور مباحثے شامل ہوں گے۔ یہ تخلیق کار معیشت میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے آئیڈیاز بھی تلاش کریں گے۔