کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہری کو اغوا کر کے کروڑوں کی ڈکیتی میں ملوث سی ٹی ڈی افسر سمیت مزید تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ ارسلان نامی شہری کی شارٹ ٹرم کیڈنیپنگ کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں درج ہوا تھا جس کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل ( اے وی سی سی ) کر رہی ہے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ نے سی ٹی ڈی انٹیلیجنس کے افسر سمیت 3 اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔معطل ہونے والوں میں سب انسپکٹر راجہ محمد بشیر، کانسٹیبل محمد عمر اور کانسٹیبل صاحب زادہ علی رضا شامل ہیں۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی معطلی کا فیصلہ منگھوپیر سے شہری کے اغوا کی تفتیش کے بعد کیا گیا ہے ۔واقعہ میں بغیر نمبر پلیٹ کے پولیس موبائل استعمال کی گئی تاہم اس میں موجود ڈرائیور کانسٹیبل محمد عمر اور کانسٹیبل صاحب زادہ علی رضا معطل ہونے والے سب انسپکٹر راجہ محمد بشیر کے ماتحت تھے۔