کوئٹہ (نمائندہ جنگ)صوبائی وزیر زراعت صنعت وحرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پی پی ا یل، حبکو پاور پلانٹ، پی ایم ڈی سی سمیت 40 سے زائد انڈسٹریز جن کے لیز کے معاہدے ختم ہوچکے ہیں ،کیخلاف ایک ہفتے بعد کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک پالیسی بیان میں صوبائی وزیر زراعت صنعت وحرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پی پی ایل اور حکومت بلوچستان کے مابین معاہدے کی میعاد کو ختم ہوئے 15سال کا عرصہ گزرگیا ہے، اس کے باوجود بھی پی پی ایل کے حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں اور غیر آئینی طور پر بلوچستان سے اربوں روپے کمارہے ہیں اور صوبے کو شیئر بھی نہیں دے رہے جوکہ بلوچستان کا حق بنتا ہے انہوں نے کہاکہ پی پی ایل کے اس غیر آئینی اقدام پر موجودہ صوبائی حکومت نے معاملے کو وفاق اور صوبے میں اٹھا رکھا ہے باقاعدہ صوبائی اسمبلی میں بھی اسے بحث کیلئے لایا گیا ہے حکومت اس پر اسمبلی کو اعتماد میں لیکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی ۔