کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پانیزئی سے جمعہ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف)کے سینئر پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان حفیظ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں ڈپٹی پرونشل کوارڈینیٹر توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹرظفر اقبال خوستی ،ڈاکٹر ظریف ، ڈاکٹر وحید لاشاری اور ڈاکٹر نجیب مروت بھی موجود تھے ۔ملاقات میں پولیو کے خاتمے اور موذی بیماریوں سے حفاظتی ٹیکہ جات کے مہمات سے متعلق امور پرغور کیا گیا۔ سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی نے اس عزم کااظہار کیا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں پولیو کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے جس کے جلد خاطر خواہ نتائج برآمدہونگے ،پولیو جیسی موذی بیماریوں سے چھٹکارا پاکر اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاسکتے ہیں ۔مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کا کردار بھی کلیدی ہے۔