لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام کوششیں اور پوری دُنیا میں بھاگ دوڑ اُس وقت تک مثبت نتائج نہیں لائے گی جب تک ملک کے اندر سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔ ترسیلاتِ زر میں اضافہ خوش آئند ہے ۔ معاشی پہیہ بدستور جام ہے۔ بجلی سستی کی جائے، گیس، تیل اور ٹیکسوں کا بوجھ قابلِ برداشت بنایا جائے تو معاشی ترقی ہوگی۔ قومی قیات بیرونِ ملک پاکستانیوں کا اعتماد بحال کریں، محب وطن بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بااعتماد پالیسی بن جائے تو یہ اقتصادی ترقی کا اہم ستون ثابت ہونگے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے فلائیٹس کا خیرمقدم کرتے ہیں، کرپشن نے ہمارے قومی اداروں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ مزید برآں لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نارنگ منڈی میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کیلئے خط لکھا ہے ،انہوں نے کہاہے نارنگ منڈی و گردونواح کے علاقوں کے عوام کو پاسپورٹ بنوانے کیلئے 75 کلومیٹر کا یکطرفہ فاصلہ طے کرکے شیخوپورہ میں بڑی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے نارنگ منڈی نادرا سنٹر میں ہی پاسپورٹ آفس یا پاسپورٹ ڈیسک قائم کرنے کی فی الفور منظوری دیں۔