لاہور(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنرسید موسیٰ رضا کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر نواز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا اور دیگر اہم افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں شرکاء نے ڈی سی لاہور کو جاری ترقیاتی کاموں اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ڈی سی نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبے کی کامیابی ممکن ہو سکے۔ ڈی سی لاہور نے ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کے معیار کو برقرار رکھا جائے اور ٹھیکیدار اعلیٰ اور معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے اہداف کے حصول میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور نے زور دیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ترقیاتی کاموں کی تکمیل دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق کی جائے ۔