• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت و اپوزیشن رہنماؤں کو بلالیا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) اسپیکر نے قومی اسمبلی اجلاس سے قبل حکومت و اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس بلالیا۔

 قومی اسمبلی اجلاس میں 190 ملین پاونڈ کیس کے فیصلے پر ایوان میں ہنگامہ خیز بحث کا امکان ہے، پی ٹی آئی کے مطالبات کی جنگ عدالتوں کیساتھ ایوانوں میں منتقل ہوجائیگی۔ 

قومی اسمبلی کا بارہواں اور سرمائی اجلاس آج (پیر) شام کو شروع ہوگا تو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے کا فیصلہ صادر ہوچکا ہوگا جس پر حزب اختلاف کے سنی اتحاد کونسل سے تعلق رکھنے والے ارکان زوردارردعمل دینگے اس دوران اسپیکر سردار ایاز صادق کی نگرانی میں حکومت کےساتھ حزب اختلاف کے مذاکرات کا نظام الاوقات بھی جاری ہوچکا ہوگا۔ 

قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے عین پہلے حکومت اور حزب اختلاف کے اکابرین کی اسپیکر سے ملاقات ہوگی جس میں ایوان کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ 

پارلیمانی حلقوں کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف کی اپنے بانی چیئرمین عمران خان کے لئے تمام تر لڑائی اب پارلیمنٹ کے ایوانوں میں منتقل ہوجائے گی جہاں سینیٹ کااجلاس بھی کل (منگل) سے شروع ہورہاہے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا ہے کہ عمران خان کی آزادی کامقدمہ اعلی عدالتوں، پارلیمنٹ، عوام اور بین الاقوامی فورمز پر پوری قوت سے لڑا جائے گاتاہم مذاکرات سے کوئی حل برآمد کرنے کے لئے بھی کوششیں جاری رہیں گی اور بانی تحریک کی طرف سے جاری کردہ ہدایات سے سرمو انحراف نہیں کیا جائے گا۔ 

مبصرین نے جنگ /دی نیوز کو بتایا ہے کہ حزب اختلا ف کی طرف سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے مطالبے پر غور اس کی طرف سے مطالبات کے تحریری شکل میں پیش ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔ 

آئندہ اجلاس میں اس سے کمیشن کے لئے شرائط و ضوابط کار (ٹی او آرز) اور ان قانونی حوالوں کےبارے میں دریافت کیا جائے گا جو کمیشن بنانے کے لئے بروئے کار لائے جاسکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید