• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں سنگین خامیوں کا انکشاف

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) انسانی حقوق کے کارکنوں کی تشکیل کردہ فیکٹ فائنڈنگ مشن نے سندھ میں 2022ءکے سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں میں سنگین خامیوں کا انکشاف کیا ہے۔مشن نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ متاثرہ افراد کو ان کے نقصانات کے ازالے اور بنیادی حقوق جیسے صاف پانی‘ خوراک‘ بجلی‘ تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے نیٹ ورک ”ساؤتھ ایشیا فار ہیومن رائٹس“ نے سندھ میں 2022ءکے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب کے بعد متاثرہ لوگوں کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے عمل کی جانچ کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن تشکیل دیا جس نے رواں ماہ کے دوران کام کیا۔ مشن میں ماحولیاتی حقوق کے وکیل اور (SAHR) کے رکن احمد رفع عالم‘ ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد طاہر‘ پاکستان کسان رابطہ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور نیٹ ورک کے رکن فاروق طارق اور (SAP-PK) کی شہناز شیدی شامل تھیں۔ اس مشن نے سندھ کے مختلف اضلاع‘ لاڑکانہ‘ شکارپور‘ نوابشاہ اور حیدرآباد کا دورہ کیا۔ مشن کا مقصد سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیر کے عمل میں حکومتی کارکردگی اور کوتاہیوں کا جائزہ لینا اور اس سلسلے میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دستاویزی رپورٹ تیار کرنا تھا۔ مشن کی ابتدائی تحقیقات میں صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے شروع کیے گئے دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ پروجیکٹ کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک کمرے کا ماڈل گھر جو سیلاب متاثرین کو دیا جا رہا ہے‘ بنیادی سہولتوں جیسے باورچی خانہ اور واش روم سے محروم ہے‘ یہ ماڈل گھر قابل قبول نہیں ہے۔ ایک کمرے کے گھر کی تعمیر کے لیے ابتدائی طور پر 3 لاکھ روپے کی رقم بھی ناکافی تھی اور موجودہ بے روزگاری اور لوگوں کی آمدنی کے پیش نظر یہ رقم بہت کم ہے۔مشن نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ متاثرہ افراد کو ان کے نقصانات کے ازالے اور بنیادی حقوق جیسے صاف پانی‘ خوراک‘ بجلی‘ تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے۔ ایک کمرے کے یہ گھر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں اور ان کمزور آبادیوں پر مستقبل میں مزید شدید قدرتی آفات کے اثرات ہونے کے امکانات ہیں۔
اہم خبریں سے مزید