سندھ یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلرز پروفیسر صدیق کلہوڑو اور ڈاکٹر فتح محمد مری کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں کی گئی اور دونوں جگہ سینئر ترین پروفیسرز کو چارج دے دیا گیا۔
سندھ یونیورسٹی میں سینئر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی میں سینئر پروفیسر اور ڈین الطاف علی سیال کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے جن کے تقرری کے دو علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئیے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کسی بھی وائس چانسلر کو دوسری چار سالہ مدت نہیں دے رہے ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر فتح محمد مری اور سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر صدیق کلہوڑو کی بھی دوسری مدت کےلیے سمری مسترد کردی ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت صوبے میں بیوروکریٹ وائس چانسلر لگانا چاہتی ہے اس مقصد کے لیے وائس چانسلر کے بھرتی کے اشتہارات روک رکھے ہیں تاکہ اسمبلی سے جامعات کے ایکٹ میں ترمیم کرکے نان پی ایچ ڈی بیوروکریٹ وی سی لگایا جاسکے۔
ادھر فپواسا نے جمعرات کو جامعہ این ای ڈی میں بیوروکریٹ وائس چانسلر لگانے کی کوششوں کے خلاف اجلاس عمومی طلب کرلیا ہے جس میں زبردست احتجاج کے ساتھ جامعات میں کلاسوں کے بائیکاٹ کا بھی امکان ہے۔