اسلام آباد (طاہر خلیل) پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کی سالانہ رپورٹ پاکستان کے جامع قومی سلامتی پروفائل 2024 کی تقریب رونمائی انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سفارتکاروں، تھنک ٹینکس کے نمائندوں، پالیسی ماہرین اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
رپورٹ میں پاکستان کے سکیورٹی حالات، دہشت گردوں کی بدلتی ہوئی حکمت عملیوں اور انسداد دہشت گردی کی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔
سابق نگران وزیرِاعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی میں اضافے کی بڑی وجہ نیٹو کے چھوڑے گئے ہتھیار اور آلات ہیں جو اب دہشت گردوں کے ہاتھوں میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2014 میں دہشت گردی ختم نہیں ہوئی تھی، بلکہ دہشت گرد افغانستان منتقل ہوگئے تھے۔ جیسے ہی انہیں موزوں ماحول ملا، وہ دوبارہ حملہ آور ہوگئے۔