اپشاور ( وقائع نگار )پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ سپیرئیر سائنس کالج پشاور کے زیرِ اہتمام قومی ترانے کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کے یوم پیدائش کی تقریب سیمینار ہال میں ہوئی جس کی صدارت پرنسپل پروفیسر گل نواز خان اور نظامت ڈاکٹر قدرت اللہ خٹک نے کی۔شعبہ اردو کے ایسوسی ایٹ پروفیسرز ڈاکٹر سید زبیر شاہ اور نظم نگار ڈاکٹر اعجاز احمد نے حفیظ جالندھری کی خدمات پر روشنی ڈالی۔پرنسپل پروفیسر گل نواز خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے حفیظ جالندھری کی خدمات تاریخ کا حصہ ہیں۔پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر اسحاق وردگ نے قومی ترانے کی لفظیات ،تصورات اور شاعرانہ آہنگ کو پاکستانی قوم کی امنگوں کا ترجمان قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر گل نواز خان نے کیک کاٹا۔تقریب میں اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔