راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے، خبر نگار خصوصی) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس پنجاب ہاؤس میں ہوا۔ضلعی انتظامیہ، آر ڈی اے ، واسا،پی ایچ اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں رنگ روڈ، پارکنگ پلازوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔وزیر ہاؤسنگ نے شہری علاقوں میں مختلف جگہوں کو خوبصورت بنانے کیلئے تجاویز طلب کرلیں۔واسا حکام نے بتایا کہ شہر میں رواں برس 35 مزید ٹیوب ویل لگائے جائیں گے، ڈریم واٹر سپلائی پروجیکٹ 2027 تک مکمل ہو جائے گا جس سے پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔بلال یاسین نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔