• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

124 سالہ چینی خاتون نے طویلی عمری کا راز بتا دیا

فوٹو بشکریہ چینی میڈیا
فوٹو بشکریہ چینی میڈیا 

چین میں طویل عمر خاتون چیو چئشی نے اس سال اپنی 124 ویں سالگرہ منائی ہے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چیو چئشی یکم جنوری 1901ء کو چنگ سلطنت کے دور میں جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان کے شہر نانچونگ میں پیدا ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت چیو چئشی کی سب سے بڑی پوتی 60 برس کی ہیں جبکہ ان کے خاندان کے سب سے چھوٹے فرد کی عمر 8 ماہ ہے۔

چیو چئشی نے حال ہی میں چینی میڈیا کو انٹرویو کے دوران اپنی طویل عمری کا راز بتاتے ہوئے سادہ زندگی گزارنے پر زور دیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا ہے کہ میں دن میں 3 بار کھانا کھاتی ہوں، کھانے کے بعد تھوڑی دیر چہل قدمی کرتی ہوں اور رات کو 8 بجے سو جاتی ہوں۔

چیو چئشی نے بتایا کہ میں اپنے بالوں میں خود کنگھی کر لیتی ہوں، آگ جلا لیتی ہوں، یہاں تک کہ آسانی سے سیڑھیاں بھی چڑھ لیتی ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ چنگ سلطنت کے دور میں پہاڑوں میں سبزیوں کی تلاش کرتے ہوئے بہت سے لوگ بھوک سے مر گئے تھے لیکن میں نے یہ مشکل زندگی بھی گزار لی۔

چیو چئشی نے بتایا کہ جب میں 40 برس کی تھی تو میرے شوہر کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد میں نے اکیلے ہی اپنے 4 بچوں کی پرورش کی۔

 اُنہوں نے بتایا کہ میں نے مالی مشکلات کے باوجود بھی اپنے بچوں کو کھانا اور نئے کپڑوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔

چیو چئشی نے مزید بتایا کہ جب 70 سال کی ہوئی تو زندگی میں ایک بار پھر مشکل دور آیا، میرے بڑے بیٹے کا انتقال ہو گیا اور بہو نے پوتی کو میرے پاس چھوڑ کر دوسری شادی کر لی۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں نے اپنی پوتی کو بھی اکیلے ہی پالا اور جب وہ بڑی ہوئی تو اس کی شادی کر دی، پھر کچھ سال کے بعد میری پوتی کے شوہر کا بیماری کی وجہ سے انتقال ہو گیا اور اب میں اپنی پوتی کے ساتھ ہی رہتی ہوں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید