• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتی غلام مصطفیٰ رفیق

حضرت ابوہریرہؓ نے سرورِ کونین ﷺسے ایک روایت نقل فرمائی ہے ، بنیادی طور پر یہ ایک مسلمان کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اورمتنبہ کرنے والی روایت ہے، ایک ایسی حدیث کہ جسے سن کر ہر مسلمان اپنی معاشرت پر غور کرنے والا بن جائے، اپنے معاملات اور لوگوں کے ساتھ رویوں پر نظر ثانی کرنے والا بن جائے۔(صحیح مسلم)

اس روایت کا تعلق بنیادی طورپر انسانی حقوق سے ہے، قیامت کے دن انسان سے حقوق اللہ کا یعنی نماز، روزے وغیرہ سے متعلق جیسے سوال ہوگا، اسی طرح سے حقوق العباد سے متعلق بھی سوال ہوگا۔ ترمذی شریف کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا :قیامت کے دن انسان کے اعمال میں سب سے پہلے نماز کا محاسبہ ہوگا، نماز سے متعلق پوچھ گچھ ہوگی۔ اسی طریقے سے قیامت میں دیگر حقوق میں سے بھی ہر ایک حق سے متعلق پوچھا جائے اور فیصلہ کیاجائے گا،ہر صاحب حق کو اس کا حق دلایاجائے گا، کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔

مسلم شریف کی وہ روایت جسے ہر مسلمان کو یاد رکھناچاہیے اور اسے سامنے رکھ کر اپنی معاشرت کی فکر کرنی چاہیے، وہ یہ ہے کہ حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں ،نبی کریم ﷺنے بڑے اہتمام کے ساتھ اولاً صحابۂ کرامؓ سے سوال فرمایا :’’جانتے ہو!مفلس کون ہے ؟‘‘سوال سے مقصود آگے ذکر کی جانے والی تعلیمات تھیں، وہ اصل مقصود تھیں، سوال کے ذریعے انہیں متوجہ کرنا مقصود تھا، توصحابۂ کرامؓ نے فرمایا :دنیا کے اعتبار سے تو ہم مفلس اس شخص کو کہتے ہیں جس کے پاس درہم یعنی پیسے نہ ہوں اورساز و سامان نہ ہو۔نبی کریم ﷺنے فرمایا:’’ میری امت کا مفلس اور حقیقی مفلس تو وہ آدمی ہے جو قیامت میں اس حال میں آئے گا ‘‘جس کی تفصیل آگے آرہی ہے کہ لوگوں کے مظالم اس کی گردن پر ہوں گے۔

گویا سوال کے اس انداز سے معلوم یہ ہوا کہ دنیا کے اعتبار سے اگر کسی کے پاس درہم ودینار یعنی روپے پیسے نہیں ، مگر اللہ نے اُسے صحت ، عافیت اور دین کی سلامتی دی ہے ، تو نہ اس کی دنیا خراب ،نہ اس کی عاقبت خراب، گویا یہ تو مفلس ہی نہیں ہے، بلکہ حقیقی معنوں میں مفلس وہ شخص ہے جو آخرت میں یوں مفلس بن جائے گا کہ اس کی عبادات کا اجر ، اس کی کوتاہیوں اور مظالم کی وجہ سے ختم ہوجائے گا، اور مظالم پھر بھی باقی رہیں گے تو ظلم کے بقدر اس پر خطائیں لاد دی جائیں گی اور جہنم میں ڈال دیاجائے گا، یہ شخص حقیقی مفلس ہوگا۔

آپ ﷺنے فرمایا :’’یہ آدمی اس حال میں آئے گا کہ اس کے پاس نمازیں ، روزے اور زکوٰۃ ہوگی‘‘، یعنی ان اعمال کا اجر و ثواب بھی ہوگا، اس کے پاس، دنیا میں اس نے یہ عبادتیں بھی انجام دی ہوں گی، لیکن ساتھ ساتھ حقوق العباد کے اعتبار سے بڑی کوتاہی کی ہوگی، بندوں کے حقوق کے معاملے میں یہ شخص بڑ اکوتاہ واقع ہوا ہوگا، چنانچہ اس نے ایسے جرائم کیے ہوں گے کہ دنیا میں انہیں گناہ ہی نہیں سمجھا ہوگا، یا ان چیزوں کو دنیا میں بڑ اہلکا سمجھا ہوگا، لیکن آج ان سب کا حساب دینا ہوگا۔

چناںچہ ارشاد فرمایا :’’ اس نے کسی سے گالم گلوچ کی ہوگی ، کسی پر تہمت لگائی ہوگی، کسی کامال دبایا ہوگا، کسی کا خون بہایا ہوگا اور کسی کو مارپیٹ کی ہوگی‘‘۔اب ان سب چیزوں کا حساب دینا ہوگا ، جن لوگوں کے ساتھ یہ حقوق متعلق ہوں گے، وہ آج بدلے کا مطالبہ لیے کھڑے ہوں گے۔اب وہاں مال و دولت تو دستیاب نہ ہوگا، لہٰذا اس آدمی کی نیکیاں ان مظلوموں میں تقسیم کی جائیں گے۔ 

ہر ایک کو اس کے حق کے بدلے میں حق کے برابر اس کی نیکیاں اٹھاکر دے دی جائیں گی، کچھ ایک کو ،کچھ دوسرے کو،یوں بدلہ دیاجائے گا۔اگر اس کی نیکیاں ساری ختم ہوجائیں اور مطالبہ کرنے والے اب بھی باقی ہوں تو مظلوموں اور حق داروں کی خطائیں ان کے حق کے برابر ان سے اٹھاکر اس پر ڈال دی جائیں گی،اورپھر اس کے بارے میں فیصلہ ہوگا کہ سزا بھگتنے کے لیے اسے جہنم میں ڈال دیا جائے۔

دنیا میں ان میں سے بعض گناہوں کو گناہ ہی نہیں سمجھا جاتا، یا بڑا ہلکا سمجھ لیا جاتاہے، لیکن قیامت کے دن معلوم ہوگا کہ بندوں کے حقوق میں کوتاہی کتنا بڑ اجرم تھا۔غور کیجیے! اس روایت میں رسول اللہ ﷺنے گالم گلوچ کا ذکر کیا، عزت وآبرو کا ذکر کیا، کسی کے مال پر قبضہ کرنے کا ذکرکیا کہ یہ سب اعمال قیامت میں بڑے بھاری ثابت ہوں گے، اور دنیا میں لوگ انہیں بہت ہی معمولی سمجھتے ہیں، کسی کو گالم گلوچ کی ،کوئی پروا نہیں کرتے، کسی کو مارپیٹ کی ،کوئی پروا نہیں، کسی کا مال لے لیا، چوری کیا، غصب کیا، لے کر واپس نہیں کیا، کسی کا حق بنتا ہے ،وہ دیا ہی نہیں، اسے ہلکا سمجھ لیاجاتاہے، لیکن قیامت میں ایک ایک ذرے کا حساب دینا ہوگا۔

معلوم ہوا کہ انسان کی جان، مال اور آبرو کی ہمارے دین میں بڑی قدر وقیمت ہے، اسی لیے نبی کریم ﷺنے حجۃ الوداع کے موقع پر منیٰ میں بڑے اہتمام کے ساتھ صحابۂ کرام ؓ کو متوجہ کیا ،سوال کیا، اور پھر خود ارشاد فرمایا کہ دیکھو!یہ ذوالحجہ کا مہینہ ہے، قربانی کا دن ہے،حرمت والا شہر ہے، جیسے ان سب چیزوں کی حرمت اور عظمت ہے، اسی طرح تمہاری جان، اموال اور عزت وآبرو کی بھی حرمت ہے۔

یہ حقوق العباد سے متعلق ایک اہم روایت ہے ، اور ہر مسلمان کو حقوق العباد کی اہمیت بتارہی ہے کہ بسااوقات بندے کا حق، شریعت کے حق پر مقدم ہوجاتا ہے، حقوق العباد سے متعلق اس حدیث کی شرح میں محدثین نے لکھا ہے :’’ اس روایت سے معلوم ہوا کہ حقوق العباد میں قیامت کے دن معافی نہیں ہوگی، سفارش بھی قبول نہ ہوگی، الا یہ کہ مدمقابل کو اللہ تعالیٰ راضی فرمادیں ‘‘۔ اس حدیث کو سامنے رکھ کر بعض بزرگوں نے یہ ارشاد فرمایا ہے: ’’ اس میں بڑی سخت سزا اور شدت کا بیان ہے، عقلمندوں کو اس حدیث سے سبق لینا چاہیے‘‘۔

اگر کسی کے اوپر کسی کا حق بنتا ہو تو وہ ادا کردینا چاہیے، کسی پر کسی کا مالی حق ہو ، تو صاحب حق کو اس کا حق، اس کا مال واپس لوٹا دیا جائے، اگر صاحب حق انتقال کرچکا ہوتو شریعت میں حکم ہے کہ اس کے ورثاء کو پہنچائیں، ورثاء بھی نہیں مل رہے تو صاحب حق کی طرف سے اتنی رقم صدقہ کردی جائے، نیت کی جائے کہ اس کا ثواب صاحب حق کو پہنچ جائے اور کسی کی غیبت کی ہے، تہمت لگائی ہے، مارا پیٹا ہے وہ شخص موجود ہے تو اس سے معافی تلافی کروادی جائے، موجود نہیں ہے تو اس کے حق میں دعا کی جائے ، نیک اعمال کرکے اسے ثواب بخش دیاجائے ، یوں اللہ تعالیٰ قیامت میں اس شخص کو راضی فرمادے گا،اور اس کی جان بخشی ہوجائے گی۔