لندن (پی اے ) رواں سال 600سے زیادہ افراد نےبرطانیہ پہنچنے کیلئے چینل کراس کیا جبکہ100مائیگرنٹس کو ڈوبنے سے بچالیاگیا،فرانسیسی کوسٹ گارڈ کے مطابق تارکین وطن کی متعدد کشتیوں کے پاس ڈی کیلیس کے ساحل سے روانہ ہونے کی اطلاعات پر ان کو منگل سے بدھ تک 99افراد کی مدد کے لیے طلب کیا گیا تھا ۔ ایک کشتی پر سوار تقریبا 58افراد کو پہلی بار لا ہوچیٹ ساحل کے علاقے میں دیکھاگیا تھا، جو گریولینز اور کیلیس کے درمیان واقع تھا، جسے واپس بولوگن-سور-میر لے جایا گیا۔ کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ مزید41افراد کو مالو لیس بینس کے ساحل سے بچا کر واپس لینڈ پر لے جایا گیا جبکہ دیگر افراد نے اپنا سفر جاری رکھا۔ہوم آفس سے جاری کردہ عبوری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو 4 کشتیوں میں سوار 215 افراد برطانیہ پہنچے جس کے بعد رواں سال اب تک مجموعی طور پر 603افراد چینل کراس کر چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جمعرات کوبھی سرحد پار کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور حکومت کی جانب سے ہفتے کے روز فرانسیسی ساحل سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرنے والے ایک تارک وطن کی سال کی پہلی موت کی تصدیق کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں مجموعی طور پر 36,816 افراد نے چینل کراس کیا، جو 2023 میں آنے والے 29،437 افراد کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہے، لیکن 2022 میں ریکارڈ 45،774 افراد کی آمد کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔