• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو بائیڈن نے جاتے جاتے اپنے خاندان والوں کو معافی دے دی

جوبائیڈن : فوٹو فیس بک
جوبائیڈن : فوٹو فیس بک

امریکا کے سبکدوش صدر جو بائیڈن نے اپنی صدارت کی مدت ختم ہونے  سے چند گھنٹوں قبل آئینی طور پر حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندان کے افراد کو بھی معافی دے دی۔

جو بائیڈن نے اپنے بھائیوں جیمز اور فرینک، اپنی بہن ویلری اور ان کے شریک حیات کو پیشگی معافی دے دی۔

امریکا کے سبکدوش صدر کا کہنا تھا کہ میرا خاندان مسلسل حملوں اور دھمکیوں کا نشانہ بنا رہا ہے، جو صرف اور صرف مجھے تکلیف پہنچانے کی خواہش کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔

 بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے میرے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ یہ حملے ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور پرامید ہیں کہ ہمارے قانونی اداروں کی مضبوطی سیاست پر غالب آئے گی۔

خیال رہے کہ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ماہ اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو معاف کیا تھا، جنہیں رواں ماہ وفاقی ٹیکس اور ہتھیاروں کے مقدمات میں سزا سنائی جانی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  امریکا میں روایت ہے کہ صدر اپنی مدت کے اختتام پر جرائم میں سزا پانے والے امریکیوں کو معافی دینے کا اعلان کرتے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید