کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما و رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے دورہ استنبول کے موقع پر مختلف آرگنائزیشنز کی جانب سے منعقدہ سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام ترکی کے عوام کیساتھ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، میرے دورہ استنبول کا مقصد بلوچستان کے ہونہار وباصلاحیت نوجوانوں کیلئے تعلیم و ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے ہم کشکول لیکر کہیں نہیں جاتے بلکہ ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہماری باصلاحیت یوتھ دوسرے ممالک کے عوام کیلئے کس طرح سے سود مند ثابت ہوسکتی ہے، بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان کس طرح سے دوسروں کی مدد کرسکتے ہیں ،ہمسایہ ممالک ہمارے نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے کس طرح فائدہ اٹھانے کی خواہاں ہیں ۔ اس موقع پر مختلف آرگنائزیشز نے بلوچستان کے نوجوانوں کیساتھ ملکر مختلف شعبوں میں کام کرنے کا عزم کا اعادہ کیا،رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کے دورہ استنبول کو عوام اور فلاحی انسانی حقوق و اقدار کی بحالی کیلئے کام کرنے والی آرگنائزیشنز نے دونوں ممالک کیلئے خوش آئند عمل قرار دیا ۔دریں اثناء فرح عظیم شاہ کو اس موقع پر مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ بھی کروایا گیا۔