کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فاصلے بڑھ رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے میری دعا ہے کہ جو پاکستان کے لئے بہتر ہے، وہی ہو۔ تنخواہ میں اضافے کے لیے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی مسلسل میرے پاس آتے رہے ہیں۔ایم این اے اور سینٹرز کی تنخواہ بڑھے تو طوفان آجاتا ہے جبکہ دیگر کی بڑھے تو کچھ نہیں ہوتا۔ ہمارے پاس ایسے بھی ممبر ہیں جن کا زیادہ بل آجائے تو پریشان ہوجاتے ہیں اور وہ بسوں میں بھی سفر کرتے ہیں ۔ عادل بازئی کے حلف نامے پر بات کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کا جمع کردہ اسٹیمپ پیپر فنگر پرنٹس سمیت فرانزک کے لیے بھیجا جائے کیونکہ ان کا حلف نامہ نون لیگ کا تھا اور سول کورٹ کے فیصلے سے معاملہ مزید واضح ہوجائے گا۔ اختر مینگل سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ پلیٹ فارم نہ چھوڑیں اور آئین کی پاسداری کریں۔