ڈیووس (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور اوپیک سے مطالبہ کریں گے کہ وہ تیل کی قیمتیں کم کریں، اگر اس کی قیمتیں کم ہوئیں تو روس۔یوکرین جنگ فوراً ختم ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تیل کی قیمتیں کافی زیادہ ہیں، جس کی وجہ سے یہ جاری ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمیاقتصادی فورم سے آئن لائن خطاب کرتے ہوئے عالمی کاروباری رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ امریکا میں مینوفیکچرنگ کریں یا پھر ٹیرف کا سامنا کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں اپنی مصنوعات بنائیں ہم آپ سے کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے کم ٹیکس لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیکن اگر آپ اپنی مصنوعات امریکا میں مینوفیکچر نہیں کرتے، تو آپ کو ٹیکس اور ٹیرف ادا کرنا پڑے گا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں تیل کی کم قیمتوں پر یقین رکھتا ہوں، جس کے نتیجے میں یوکرین جنگ فوراً ختم ہو جائے گی۔