• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مملکت نے کئی حجاج کی جانیں بچانے والے آصف بشیر کو تمغہ امتیاز عطا کردیا


 صدر آصف علی زرداری نے کئی حجاج کی جانیں بچانے والے آصف بشیر کو تمغہ امتیاز عطا کردیا ہے۔

 ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر زرداری نے آصف بشیر کو تمغہ امتیاز عطا کیا۔

آصف بشیر نے بطور معاون حج خدمات سر انجام دیتے ہوئے کئی حجاج کی جانیں بچائی تھیں، وہ اس وقت ڈی سی آفس پشاور میں بطور کمپیوٹر آپریٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی خدمات کے شعبے میں نمایاں خدمات پر آصف بشیر کو ستارہ امتیاز عطا کیا گیا ہے، آصف بشیر نے گزشتہ سال بطور معاونین حج غیر معمولی اور قابل ستائش خدمات انجام دیں۔

9 ذوالحج کو شدید گرمی کی وجہ سے کئی پاکستانی، بھارتی اور برطانوی معمر حجاج بے ہوش ہوگئے تھے،  بحران کے دوران آصف بشیر اور ان کی 5 رکنی ٹیم نے متاثرہ عازمین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، کئی متاثرہ بھارتی عازمین کو بھی پاکستانی ٹیم نے امداد فراہم کی تھی۔

اعلامیے کے مطابق  مشکل حالات میں آصف بشیر نے26 عازمین جن میں17 بھارتی شامل تھے انہیں کندھوں پر اٹھا کر اسپتال پہنچایا، ان کی فوری کارروائی کی بدولت ان افراد کی جانیں بچائی جا سکیں۔

آصف بشیر کی شاندار خدمات کے اعتراف میں بھارتی وزیر اقلیتی امور نے بھی تعریفی خط لکھا تھا۔

قومی خبریں سے مزید