راولپنڈی(راحت منیر)محکمہ مال میں عوام کی جائیدادوں کا ریکارڈغیر متعلقہ اور اجنبی افراد کے ہاتھوں میں غیر محفوظ ہوچکا ہے، فراڈ بھی بڑھ گے ۔ چار سال سے جسٹس چوہدری عبدالعزیزکے حکم پر عملدرآمد نہ ہوسکا،صوبائی محتسب بھی نوٹس لے چکے ، ایک بار پھر نوٹیفکیشن جاری ،ریونیو افسران سے پرائیویٹ یا ریٹائرڈ ملازمین کی عدم موجودگی کا سرٹیفکیٹ طلب ۔ محکمہ مال کے مختلف دفاتر بالخصوص پٹوار خانوں سے پرائیویٹ افراد(منشیوں)کے خاتمہ کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز کے حکم پرچار سال سے عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ 16 اپریل2021کو جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے حکم جاری کیا تھا جس کے تحت سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پنجاب کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کو کوئی پرائیویٹ شخص ریونیو سرکلز میں نہ پایا جائے نہ ہی ریونیو ریکارڈ تک اس کی رسائی ہو۔سینئرممبر بورڈ آف ریونیو کو مزید ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کے پٹوارریوں کے دفاتر ان کی طرف سےنجی عمارتوں کی بجائے سرکاری عمارتوں میں قائم ہوں۔