کراچی( رپورٹ/اختر علی اختر) برٹش قونصلیٹ کراچی میں سبکدوش ہونے والی برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشنر سارہ مونی کے اعزاز میں پُر وقارالوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سارہ مونی کی سفارتی خدمات کا اعتراف شاندار انداز میں کیا گیا۔ الوداعی تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن، ناصر حُسین شاہ، ذوالفقارعلی شاہ،متحدہ قومی موومنٹ کی رہنما نسرین جلیل، پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو، ٹی وی اینکر مدیحہ نقوی، نِدا یاسر، فلموں اور ڈراموں کے اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز، ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری سمیت ترکیہ، سری لنکا،عمان، جرمنی و دیگر ممالک کے سفیروں کی شرکت نے چار چاند لگادیے۔ سارہ مونی کو اس موقع پر معروف شخصیات نے خوشبوؤں کے تحائف پیش کیے۔ سبکدوش برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنرسارہ مونی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میرا دل ہے، بریانی بڑے شوق سے کھاتی ہُوں، روٹی اور دال بھی پسند ہیں، میری بہ طور سفارت کار نیویارک، استنبول، واشنگٹن کے بعد کراچی میں پوسٹنگ ہوئی۔ اگست 2022 میں کراچی جوائننگ کی، پہلی اسٹاف میٹنگ کے دوران اچانک بارش ہوگئی تھی، میں میٹنگ چھوڑ کر کھڑی کے پاس آکر کھڑے ہوکر بارش کا مزہ لینے لگی، وہ لمحہ یادگار رہے گا۔ سندھ میں حالیہ سیلاب کے بعد لوگوں کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا ایک شاندار جذبہ دیکھا۔ ملکہ برطانیہ کے انتقال پر کراچی والوں کا سوگ برطانیہ کے ساتھ والہانہ محبت کی بڑی مثال تھا۔ سارہ مونی نے مزید بتایا کہ کراچی کی بریانی بڑے شوق سے کھاتی ہُوں، مجھے دال اور روٹی بھی پسند ہیں۔ کراچی میں رات کو ایک بجے بھی فرائی چیزیں آسانی سے کھانے کو مل جاتی ہیں۔ کراچی میں پوسٹنگ کے دوران سیاسی سماجی، بزنس کمیونٹی اور صحافیوں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ ان سب کا دِل سے شکریہ ادا کرتی ہُوں۔