کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی اعلی قیادت میں بعض معاملات پر تاہم یکسوئی پیدا نہیں ہوسکی، جس سے نچلی سطح پر کار کنوں میں بے چینی جنم لےرہی ہے، منگل کو پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہونے والی پریس کانفرنس بھی اچانک ملتوی ہونے کے بعدصورت حال میں بہتری نہ ہونے کا اشارہ مل رہا ہے ، میڈیا میں پریس کانفرنس کے التواء کے بعض نت نئی افواہیں گردش کررہی ہیں، ایم کیو ایم کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی میں اختلافات کے حوالے سے زیر گردش خبروں کے خاتمے کے لئے تین بڑے رہنما ؤں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار اور سنیئر رہنما سید مصطفی کمال کو اکھٹے پریس کانفرنس میں بیٹھ کر میڈیا اور کار کنوں کو یک جہتی کا پیغام دینا تھا، تاہم ایسا ہونہ سکا، پارٹی کے ایک رہنما نے اس بارے میں جنگ کو بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی عدم دستیابی کے باعث پریس کانفرنس ملتوی کی گئی اب 30جنوری کو پریس کانفرنس ہوگی، ان کا کہنا ہے کہ فاروق ستار حکومت اپوزیشن مذکراتی کمیٹی کے رکن ہیں جس کی وجہ سے وہ پریس کانفرنس کے لئے دستیاب نہیں تھے،ایم کیو ایم پاکستان کےپارٹی انتخابات کے حوالے سے شیڈول کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔