کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے رواں ماہ ’’گرین لائن‘‘ اور’’ اورنج لائن‘‘ بس سروس کا انتظام سنبھالنے کی تیاریاں مکمل کرلیں،وفاقی حکومت نے گرین لائن میں مہنگےمعاہدے کئے ہیں، حوالگی کے بعد حکومت سندھ ان پر دوبارہ غور کرے گی ۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی حکومت سے گرین لائن بس سروس کا انتظام سندھ حکومت کو منتقل کرنے کے لیے رسمی کارروائیاں مکمل کرنے پر غور کیا گیا، جب کہ اورنج لائن کے آپریشنز بھی حکومت سندھ کے حوالے کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو،چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) ٹرانس کراچی طارق منظور چانڈیو، گرین لائن کے کنسلٹنٹس اور اورنج لائن کے آپریٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر وزیر نے آپریشنز کی منتقلی بناءرکاوٹ یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کنسلٹنٹس کو ضروری کارروائیاں تیزی کرنے اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو منصوبے کے معاہدے میں اصلاحات کے لیے قانونی پہلوؤں پر غور کرنے کی ہدایت کی۔