• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیر نشانہ پر لگا، نومولود ترجمانوں کی فوج نے کمر کس لے، ایم کیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس کے بعدپیپلز پارٹی کے نومولود ترجمانوں کی فوج ظفر موج کے بیانات بتا رہے ہیں کہ تیر نشانے پر لگا ہے،ایم کیو ایم نے ابھی صرف پیپلز پارٹی کی کرپشن کا ذکر کیا ہے تو سارے ترجمان چیخ اُٹھے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کرپشن میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور کرپشن کو صنعت کا درجہ دیا ہے، پیپلز پارٹی نہ کراچی کے ٹیکس کا پیسہ چھوڑتی ہے اور نہ کرپشن کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے دیتی ہے، ایس بی سی اے، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی اربوں روپے کی کرپشن سے سندھ کے حکمرانوں کے گھر چلتے ہیں، کراچی میں غیرقانونی تعمیرات، ٹینکر مافیا، جعلی ادویات، گھوسٹ بسیں اور صوبے میں بڑھتی مہنگائی پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے،کراچی کے نوجوانوں کی نوکریاں ہڑپ کرنا، بوگس امتحانی نتائج کے ذریعے تعلیمی دروازے بند کرنا پیپلز پارٹی کا کریڈٹ ہے، کراچی میں روزانہ ڈکیتی میں نوجوان مر رہے ہیں، سانگھڑ میں مائیں اپنے بچوں کے لاشیں سڑکوں پر لئے بیٹھی ہیں ،سندھ حکومت کی ماتحت پولیس کی بھتہ خوری سے تنگ چینی کمپنیوں کا کورٹس سے رجوع کرنا نوشتہ دیوار ہے،پیپلز پارٹی نے امن و امان، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت کا نظام تباہ و برباد کردیا ہے،ابھی تو شروعات ہوئی ہے ایم کیو ایم سندھ حکومت کی کرپشن کا پردہ چاک کرتی رہے گی،کراچی کے ٹیکس پر پلنے والی سندھ حکومت کے وزرا اور نومولود ترجمان اپنی پیٹیاں کس لیں۔
اہم خبریں سے مزید