کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(پی ایم اینڈ ڈی سی)نے اساتذہ کی کمی کے پیش نظر 3 سے 5 سال کے لیے نئے میڈیکل / ڈینٹل کالجوں اور نشتوں میں اضافے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے اس بات کی منظوری پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل کے حالیہ اجلاس میں دی گئی اجلاس میں پاکستان میں میڈیکل/ڈینٹل کالجوں میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے درکار قابل اساتذہ کی دستیابی کے بارے میں خدشات پر غور کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 187 میڈیکل/ڈینٹل کالجوں کے لیے فیکلٹی کی ضرورت 26,018 ہے جبکہ ان میڈیکل/ڈینٹل کالجوں میں 22,146فیکلٹی دستیاب ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ یہ تعداد فیکلٹی کی شدید کمی کو ظاہر کرتی ہے اور اس کی وجہ سے تعلیمی قابلیت، طبی تربیت، تحقیق، اور تعلیمی فضیلت میں کمی آئی ہے۔ نتیجتاً، مریضوں کی دیکھ بھال اور بڑے پیمانے پر عوام کو متاثر کیا ہے۔