اسلام آباد (نمائندہ جنگ) موجودہ پاکستانی حکومت ملک کے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اس کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ امریکا اور پاکستان کے تجارتی تعلقات مضبوط ہیں، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ تجارت ہمارے دوطرفہ تعلقات کا سب سے مستحکم پہلو رہا ہے۔ بطور سفیر ان کی اولین ترجیح اقتصادی سفارت کاری کو وسعت دینا اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے گزشتہ روز واشنگٹن میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران پاکستان میں اقتصادی بحالی اور سرمایہ کاری کے منافع بخش ماحول کو اجاگر کرتے ہوئے چند اہم اشاریوں کی طرف اشارہ کیا جس میں افراط زر میں نمایاں کمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتیجہ حکومت کی موثر اقتصادی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔