کراچی(افضل ندیم ڈوگر) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے کی جانب سے انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے امیگریشن افسران کیلئے جاری کی گئی ایڈوائزری میں شامل 15ملکوں کے علاوہ ایجنٹوں نے نئے پر انسانی اسمگلنگ کیلئے شروع کردی ہے۔ انسانی اسمگلرز اب لوگوں کو یورپ اسمگل کرنے کیلئے مڈغاسکر، سیرا لیون، برونائی، کانگو، گھانا، ملاوی، یوگنڈا بھیج رہے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ سے اس نئے روٹ پر سفر کیلئے مسافر زیادہ دیکھے جا رہے ہیں، گذشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ افراد میں 23مسافر اس نئے روٹ کے سفر پر جارہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈوائزری کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کی جانب سے سختی کے بعد ایڈوائزی کے ممالک آذربائجان، ایتھوپیا، سینیگال، کینیا، روس، سعودیہ، مصر، لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکیہ، قطر، کویت، کرغزستان کے مسافر کم رہ گئے ہیں۔ ایڈوائزری کے 15ممالک سے ہٹ کر 7دیگر ملکوں کے مسافروں میں ایک دم اضافہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی سے سیرا لیون کے 10مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔ وزٹ اور ورک ویزا پر مڈغاسگر کے8مسافر بھی پروازوں سے اتارے گئے۔ روانڈا، گھانا، ملاوی، برونائی، کانگو، یوگنڈا کے مسافر بھی کراچی سے آف لوڈ کئے گئے۔