اکراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی پہلی جناح میڈیکل یونیورسٹی آف خواتین کے زیر اہتمام پانچویں انٹرنیشنل بائیولوجیکل ریسرچ اینڈ اپلائیڈ سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انقلاب اور سائنسی تحقیق ایک دوسرے کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ جدید آئی ٹی ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت ، بگ ڈیٹا، اور بائیو انفارمیٹکس، میڈیکل سائنس اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، تحقیق و ترقی کے فروغ، اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں مہارت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، اسٹارٹ اپ کلچر، اور فری لانسنگ انڈسٹری کے فروغ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں عالمی معیار پر لانے کے لیے حکومتی سطح پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔