کراچی (افضل ندیم ڈوگر) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث لاہور اور سیالکوٹ کا فلائٹ اپریشن متاثر ہوا جہاں کی 4پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر اتاری گئی جبکہ مختلف12پروازیں منسوخ کر دی گئیں 65پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح لاہور میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی محدود ہوگیا تھا جس سے پروازوں کو لینڈنگ میں دشواری ہوئی۔ ابوظہبی لاہور کی پرواز پی اے 433 دبئی، پی اے 417 اور جدہ ایس وی 735 کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا۔ ہفتے کی رات دھند کی وجہ سے سیالکوٹ میں حد نگاہ انتہائی کم ہوگیا جس پر شارجہ سیالکوٹ کی پرواز پی کے 210 کو لاہور اتارا گیا۔ کراچی دبئی، اسلام آباد گلگت، اسکردو، کراچی لاہور اور کراچی سکھر کی 12 پروازیں منسوخ کی گئیں اسلام اباد ایئرپورٹ کی 9، اسلام اباد کراچی کی 5کراچی لاہور کی 11، لاہور ایئرپورٹ کی 16، کراچی ایئرپورٹ کی 9پشاور سیالکوٹ ملتان فیصل اباد تربت اور کوئٹہ ایئرپورٹ کی 15 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔