کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کمپنی کا کمرشل کنسائنمنٹ بھارتی پورٹ پر ضبط کئے جانے سے متعلق کوسموس انجینئرنگ نے شپنگ کمپنی اور فریٹ سروس کمپنی کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ دائر دعویٰ میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چین سے درآمد کمرشل کنسائنمنٹ شپنگ کمپنی کی نااہلی کے باعث ممبئی پورٹ پر بھارتی حکام نے ضبط کیا۔ بھارتی حکام نے نیوکلیر اور میزائل پروگرام میں استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے کنسائنمنٹ ضبط کی۔ وزارت خارجہ نے بھی وضاحت جاری کی کہ کنسائنمٹ کمرشل استعمال کیلئے ہے۔ درآمد کی گئی مشینری کمرشل استعمال کیلئے ہے۔ شپنگ کمپنی نے بھارتی حکام کیساتھ ملی بھگت کرکے کنسائنمنٹ ضبط کروایا۔ شپنگ کمپنی اور فریٹ کمپنی نے مدعی کی شہرت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا۔ فریقین کو 20کروڑ 91لاکھ روپے سے زائد بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔