• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیر خارجہ یو ایس اے آئی ڈی کے عبوری ایڈمنسٹریٹر مقرر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو امدادی ادارے یو ایس اے آئی ڈی کا عبوری ایڈمنسٹریٹر مقرر کردیا ہے جنہوں نے ادارے کی ممکنہ تنظیم نو پر کام شروع کردیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی ایجنسی برائے عالمی ترقی طویل عرصے سے اپنے ہدف سے بھٹکی ہوئی تھی، یہ ہدف ذمہ داری کے ساتھ امریکی مفادات کو دیگر ملکوں میں بڑھانا ہے۔ 

ترجمان کے مطابق اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ یو ایس اے آئی ڈی کا قابل ذکر حصہ امریکا کے قومی مفادات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق فنڈنگ پر کنٹرول حاصل کرنے اور ایجنسی کی سرگرمیوں کو بہتر انداز سے سمجھنے کے لیے صدر ٹرمپ نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو عبوری ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا ہے۔ 

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کانگریس کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ یو ایس اے آئی ڈی کی جانب سے غیرملکی معاونت سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور نظر اس بات پر ہے کہ ادارے کو ممکنہ طور پر ازسرنو ترتیب دیا جائے۔ 

ترجمان کے مطابق یو ایس اے آئی ڈی کو جانچنے اور اسے سب سے پہلے امریکی پالیسی اور محکمہ خارجہ کی کوششوں سے ہم آہنگ کرنے کے دوران امریکی عوام کے مفادات کا تحفظ جاری رکھا جائے گا اور یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کے ٹیکسوں کی رقم ضائع نہ ہو۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید