اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نجی شعبے پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی معاشی تبدیلی میں فعال کردار ادا کرے،امید ہے پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ پر آجائے گا، مہنگائی کی شرح 2.41 فیصد پر آگئی ، یقینی بنائیں گے ، فائدہ عوام تک پہنچے ،حکومت معاون فریم ورک فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، گزشتہ 12 ماہ کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہوئی ، پالیسی ریٹ میں کمی آئی ، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ مہنگائی کی شرح 2.41 فیصد پر آگئی اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس کا فائدہ عوام تک پہنچے، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجٹ پر آجائے گا اور حکومت ایس ایم ای کی صلاحیت کی تعمیر اور فنانسنگ کیلئےہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، دوسری طرف وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی پر بہت جلد وزیراعظم خود قوم کو خوشخبری دیں گے، وزیراعظم خود بھی تاجر برادری کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل سنیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت کیساتھ پری بجٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے آئی سی سی آئی کی قیادت کی تجاویز کو جامع قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح دیگر چیمبرز سے تجاویز لی جائیں گی اور وہ انہیں بجٹ میں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی ہو۔