اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے کاروبار اور زرعی قرضہ اسکیم کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت متوقع بیرونِ ملک جارہی افرادی قوت اور لیپ ٹاپ کے لیے بھی قرض لیا جا سکے گا، لیپ ٹاپ کے لیے 4 سالہ قرض کائیبور پلس 3 فیصد بینک ریٹ پر مہیا ہو گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ ایچ ای سی سے منظور شدہ اداروں کے 18 سے 30 سال تک کے طلبہ لے سکیں گے، لیپ ٹاپ کے لیے 150000، 300000 اور 450000 روپے قرض دیا جائے گا جبکہ لیپ ٹاپ کی قسطیں یونیورسٹی فیس کے ساتھ ادا ہوں گی۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق بیرونِ ملک روزگار پر جانے والوں کو 10 لاکھ روپے قرض دیا جائے گا جبکہ بیرونِ ملک روزگار کے لیے جانے والوں کو ٹریننگ، ویزا، سفری اخراجات کے لیے قرض دیا جائے گا۔
مرکزی بینک کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قرض کا دورانیہ 5 سال اور بینک ریٹ کائیبور پلس 3 فیصد ہو گا، قرض کی فراہمی 21 سے 45 سال تک کی افرادی قوت کے لیے ہو گی۔