بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے گزشتہ روز نیکسٹ آن نیٹ فلکس کے ایونٹ میں اپنے بیٹے آریان خان کی ہدایتکاری میں بننے والے ابتدائی پروجیکٹ ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر انھوں نے وہاں موجود اپنے پرستاروں اور سامعین سے درخواست کی کہ وہ ان پر نچھاور کی گئی محبت کا 50 فیصد انکے بیٹے آریان اور بیٹی سوہانا خان کو دے دیں۔
انھوں نے کہا گزارش اور بہت دل سے چاہوں گا کہ میرا بیٹا جو ہدایتکاری میں اپنا پہلا قدم رکھ رہا ہے اور میری بیٹی جو ایکٹریس بن رہی ہے، ان کو 50 فیصد پیار بھی اگر یہ دنیا دے دے جتنا مجھے دیا ہے تو بہت زیادہ ہوگا۔
کنگ خان نے ایونٹ میں کہا کہ میں نے اپنا حس مزاح اور پرمزاح مواد تخلیق کرنے کی صلاحیت اپنے بیٹے آریان کو دے دی ہے، میں صرف ان تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے سیریز میں حصہ لیا۔
انکا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے، میں نے سیریز کی کچھ اقساط دیکھی ہیں۔ یہ کافی پرمزاح ہے۔ مجھے ایسی ہی چیزیں پسند ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میرے لطائف پر لوگ برا مان جاتے ہیں، تکلیف ہوجاتی ہے تو اس لیے میں نے مذاق کرنا چھوڑ دیا ہے۔ میں نے اب یہ وراثت اب اپنے بیٹے کو دیدیا ہے۔