• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان نے بیٹے آریان کے نیٹ فلکس شو کی تشہیر کیسے کی؟ ویڈیو وائرل

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بیٹے آریان خان کے نیٹ فلکس شو کا دلچسپ انداز میں اعلان کیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

 آریان خان کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نیٹ فلکش شو ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کا ٹیزر شیئر کیا ہے۔

اس ویڈیو کے آغاز میں شاہ رخ خان یہ ڈائیلاگ بولتے ہیں کہ پکچر تو سالوں سے باقی ہے لیکن، اس کے بعد ڈائریکٹر کی جانب سے اُنہیں ڈائیلاگ مکمل کرنے سے پہلے ہی روک دیا جاتا ہے اور تھوڑے اور جذبات کے ساتھ ڈائیلاگ دوبارہ بولنے کے لیے کہا جاتا ہے۔

جب بار بار کوشش کے باوجود بھی ڈائریکٹر کی جانب سے اُنہیں دوبارہ ڈائیلاگ بولنے کا کہا جاتا ہے تو وہ غصّے میں آ جاتے ہیں اور ڈائریکٹر کو چپ کرواتے ہوئے کہتے ہیں کہ تیرے باپ کا راج ہے کیا؟

تو کیمرے کے پیچھے سے سر نکال کر آریان خان ہنستے ہوئے مختصر سا جواب دیتے ہیں کہ ’ہاں‘۔

آریان خان کا جواب سن کر شاہ رخ خان کو مزید غصّہ آ جاتا ہے اور وہ کہتے ہیں سب چپ رہو، اب میں ڈائیلاگ بولوں گا اور تم سب چپ چاپ دیکھو گے اور سیکھو گے۔

اس پروموشنل ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور باپ بیٹے کی جوڑی کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس شو کی کہانی ان مشکلات اور چیلنجز کے گرد گھومتی ہے جن کا سامنا ان تمام نوجوان اداکاروں کو کرنا پڑتا ہے جو شوبز انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنانے اور شہرت کے حصول کی خواہش رکھتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید