کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مختلف سیاسی ،مذہبی جماعتوں ،سماجی تنظمیوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی ، مظاہرے ہونگے اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے،ہاتھوں کی زنجیر بناکرکشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیا جائے گا ،مختلف سیاسی ،مذہبی ،سماجی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے، اورجنت نظیروادی کشمیر کوجہنم بنا نے،اقوام متحدہ سمیت عالمی حقوق انسانی کے ادروں کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی جائے اوربھارتی مظالم پرآوازبلند کریں گے،تفصلات کے مطابق جماعت اسلامی کے تحت کراچی تاکشمور ریلیاں نکالی جائینگی ، مظاہرے، اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے، ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی ، جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنماوں کے علاوہ دیگر سیاسی، سماجی جماعتوں کے قائدین بھی خطاب کرینگے،جماعت اسلامی کے تحت کراچی بھر میں متعدد مقامات پر یکجہتی کشمیر کیمپ قائم کر دیئے گئے، جیل چورنگی سے مزار ِ قائد تک مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر قیادت 3 بجے ”یکجہتی کشمیر ریلی“ نکالی جائے گی، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نرسری بس اسٹاپ شارع فیصل پر قائم یکجہتی کیمپ کا دورہ کیا،اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں اور کیمپ پر موجود کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ریاستی جبرو تسلط اور اقوام ِ متحدہ کی ناکامی دہرے میعار کے باعث مقبوضہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،کراچی کے عوام کشمیر سے اظہاریکجہتی کے لیے گھروں سے نکلیں،سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ5فروری کو پاکستان سنی تحریک کے تحت آزادی کشمیر وفلسطین ریلیاں نکالی جائینگی ،سمینار اور کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا، شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلم نسل کشی کا طریقہ وارادات یکساں ہے بھارتی واسرئیلی مذہبی جنونیت کو روکنا ہوگا،پاکستا ن راہ حق پارٹی کے مرکزی صدر حکیم ابراہیم قاسمی نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان راہ حق پارٹی کے تحت یوم کشمیر منایا جائے گا، کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان راہ حق پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔