• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیو ڈی اے کی لا پروائی سےزرغون ہاؤسنگ اسکیم مسائل کا گڑھ ہے، زہواک

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ ویلفیئر ایسوسی ایشن (زہواک)کے صدر محمد رمضان ملا خیل اور جنرل سیکرٹری انوار احمد نیازی نے اپنے بیان میں جمعیت کی ایم پی اے شاہدہ رؤف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے مسائل کو اسمبلی فلور پر اٹھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم بہت سے مسائل سے دوچار ہے اور کیو ڈی اے ان کے حل پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔اس ادارے نے الاٹیز سے ڈویلپمنٹ چارجز کے نام پر ایک خطیر رقم وصول کی تھی مگر 13 سال گزر جانے کے باوجود یہ اسکیم ادھوری ہے۔کیو ڈی اے کا یہ دعویٰ تھا کہ زرغون اسکیم ایک گیٹڈ کمیونٹی ہو گی، اس کی چار دیواری ہو گی اور الاٹیز کو گیس، پانی بجلی سمیت تمام سہولتیں حاصل ہونگی۔ کیو ڈی اے کے یہ تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ۔ اسکیم کی آج تک چار دیواری بن سکی اور نہ الاٹیز کو گیس اور پانی فراہم کیا گیا۔ اسکیم میں کھودے گئے ٹیوب ویلز غیر فعال ہونے کے سبب ناکارہ ہو رہے ہیں ۔ صرف ایک ٹیوب ویل سے ٹریکٹر کے ذریعے الاٹیز کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور اس کیلئے آٹھ سو روپے فی ٹریکٹر وصول کیے جا رہے ہیں۔اور یہ رقم صارفین پر بوجھ ہے۔ اگر پائپ لائن کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے تو اس کا بل کہیں زیادہ کم آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین نے اپنی جمع پونجی لگا کر اپنے بچوں کو چھت فراہم کی لیکن مسائل ہیں کہ حل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے اور ظاہر ہے کہ اس کا سبب کیو ڈی اے حکام کی عدم دلچسپی ہے۔ انہوں نے شاہدہ رؤف سے اپیل کہ وہ اسکیم کے مسائل کو اسمبلی فلور پر بھرپور انداز میں اٹھائیں اور کیو ڈی اے حکام سے ان کے تساہل کا جواب مانگیں تاکہ یہاں بسنے والے لوگوں کی زندگی میں کچھ آسانی نظر آئے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ وہ بھی صورتحال کا جائز ہ لیں اور کیو ڈی اے کو نا اہل لوگوں سے پاک کریں۔
کوئٹہ سے مزید