کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ٹرمینل منیجر سردار صادق،ڈپٹی فیسیلیٹیشن منیجر صابر علی نے کہا ہے کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر جدید ترین سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کا کارگو کمپلیکس بنایا جائے گا جس میں میکرو نہیں مائیکرو مینجمنٹ ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ سیشن کے موقع پر کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر عہدیداران حاجی عبداللہ اچکزئی،حاجی آغا گل خلجی و دیگر نے بتایا کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے پر کام خوش آئند ہے مگر ہمیں یہاں کارگو ٹرمینل کی سہولیات میسر نہیں بلکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایکسپورٹرز اور امپورٹرز بذریعہ ہوائی جہاز بیرون ملک تجارتی سامان بھیجنے کے لئے کراچی ائیر پورٹ سے استفادہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ناصرف تجارتی سامان کے نقل و حمل میں ہمیں تاخیر کا سامنا ہے بلکہ فریش فروٹ،سبزیاں،گوشت،کھجور،سی فوڈ و دیگر کے خراب ہونے کا بھی احتمال موجود رہتا ہے۔ کوئٹہ سے بڑے پیمانے پر کبھی کارگو سروسز دی نہیں جا سکی ہے اگر یہاں جدید ترین اور عالمی معیار کے مطابق کارگو کمپلیکس کی تعمیر کی جائے تو اس سے بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو بہت زیادہ فائدہ ملے گا اور کاروبار کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے ) کے ٹرمینل منیجر سردار صادق ،ڈپٹی فیسیلیٹیشن منیجر صابر علی ودیگر کا کہنا تھا کہ ان کی آمد کا مقصد بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے کارگو سروسز بارے ضروریات کو جاننا ہے ہمیں جب یہاں سے بیرون ملک بھیجے جانے والے تجارتی سامان کا کچھ اندازہ ہوگا تب ہم کارگو کمپلیکس کی فیزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون بنانے کے قابل ہوں گے اور منصوبے کو سالانہ ترقی منصوبہ (اینول ڈویلپمنٹ پلان)میں شامل کریں گے۔ کارگو کمپلیکس کی تعمیر بارے انہیں لیٹر بھیجا جائے جبکہ تجارتی وفود کو رسیو کرنے کے لئے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان ائیر پورٹ منیجر و دیگر کے نام ایک لیٹر ارسال کریں۔