کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر خلاف ضابطہ ہیوی ٹریفک چلنے کے باعث ہونے والے حادثات اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ذریعے صورتحال کو ٹھیک کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات پر زور دیا ہے، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی کو لکھے گئے ایک خط میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر بغیر کسی نظم و ضبط کے بھاری گاڑیوں بشمول ڈمپرز اور ٹرکس کے چلنے کی وجہ سے حادثات میں شہریوں کا زخمی اور جاں بحق ہونا سخت تشویش کا باعث ہے اور یہ صورتحال کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہوسکتی لہٰذا اس سلسلے میں فوری طور پر تمام متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔