بھارتی فلمساز اور ماضی کے اداکار راکیش روشن نے کینسر سے صحت یابی کی حوصلہ افزا کہانی سنادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راکش روشن نے انکشاف کیا کہ میں کینسر کے آپریشن سے پہلے تک صاحبزادے ریتیک روشن کے ساتھ جم میں ورزش کیا کرتا تھا۔
راکیش روشن گلے کے کینسر سے صحت یاب ہوچکے ہیں، مرض کے خلاف بہادری سے جنگ لڑنے کی کہانی سناتے ہوئے بھارتی فلمساز نے کہا کہ آپ اپنے ذہن کو کس قدر مضبوط بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں، اصل بات یہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راکش روشن نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ کینسر کے آپریشن سے قبل میں نے 1 گھنٹہ جم میں ورزش کی اور پھر تیار ہو کر اسپتال چلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا آپریشن 1 بجے شروع ہوا اور 4 بجے مجھے اسپتال کے کمرے میں منتقل کردیا گیا اور 5 بجے میں اپنی ٹانگوں پر چل رہا تھا۔
بھارتی فلمساز نے یہ بھی کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ذہن کا مضبوط ہونا ضروری ہے تاکہ آپ مشکلات سے نبرد آزما ہوسکیں۔
راکش روشن نے چند برس پہلے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے 2018ء میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، اس بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ مجھے مرض ہونے کا گمان ہوا، میں ریتیک کے گھر پر تھا، وہاں ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا۔
انہوں نے کہا کہ اُس وقت مجھے بتایا گیا کہ میری زبان کاٹنی اور کچھ گرافٹنگ کرنی پڑسکتی ہے، اُس وقت میں ڈر گیا تھا، میں ایسا کچھ بھی کروانا نہیں چاہتا تھا۔
بھارتی فلمساز نے کہا کہ مجھے کینسر سے لڑنے کی ترغیب اپنی بیٹی سے ملی جو مرض سے پہلے لڑچکی تھی، جس کے بعد میں نے ہلکا لینا شروع کیا اور آپریشن والے دن بھی جم میں جاکر ورزش کی۔