• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں شدید سردی کی پیشگوئی، درجۂ حرارت منفی 7 تک گرنے کا امکان

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

برطانیہ میں آئندہ دنوں شدید سردی کی لہر متوقع ہے جہاں درجۂ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ (19.4 فارن ہائیٹ) تک گرنے کا امکان ہے۔

شدید سردی کے حوالے سے ہیلتھ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو ممکنہ صحت کے خطرات سے خبردار کرنا ہے۔

جمعے سے ملک میں موسم مزید سرد اور خشک ہو جائے گا کیونکہ اسکینڈی نیویا پر موجود ہائی پریشر کے باعث برطانیہ میں ایک مخصوص ’بلاکڈ ویدر پیٹرن‘ تشکیل پا رہا ہے۔

‎ماہرین کے مطابق جب کسی خطے میں بلاکڈ ویدر پیٹرن بن جاتا ہے تو موسم کا نظام ایک ہی جگہ پر طویل عرصے تک برقرار رہتا ہے جس کے نتیجے میں مخصوص موسمی حالات پیدا ہوتے ہیں۔

‎موسمِ سرما میں مشرقی ہواؤں کے چلنے سے برطانیہ میں عام طور پر سرد اور خشک موسم آتا ہے اور بعض علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2018ء میں آنے والے ’بِیسٹ فرام دی ایسٹ‘ (Beast from the East) جیسے شدید برفانی طوفان کا کوئی امکان نہیں ہے۔

‎محکمۂ موسمیات اور صحتِ عامہ کے ادارے شہریوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ محتاط رہیں، گرم لباس پہنیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر معمر افراد اور بچوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

‎ماہرین آنے والے دنوں میں موسم کی مزید تفصیلات فراہم کریں گے جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے لیے تیار ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید