پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار امیر گیلانی اور اداکارہ ماورا حسین حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
اب یہ نوبیاہتا اداکار جوڑی سوشل میڈیا پر صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور ان دونوں کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ ساتھ ماضی میں ان دونوں کے ایک دوسرے کے بارے میں میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو میں ان دونوں کو اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
امیر گیلانی اور ماورا حیسن نے ایک انٹرویو میں اپنی پہلی ملاقات کو فلمی ملاقات قرار دیا تھا۔
ماورا حسین نے بتایا کہ ہماری ملاقات ڈرامے میں ساتھ کام کرنے سے بھی کافی عرصہ پہلے ہوئی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہوا کچھ یوں کہ میرا پیپر تھا اور میں پیپر سے پہلے پانی کی بوتل خرید رہی تھی تو پانی کی بوتل خریدتے ہوئے مجھے پتہ چلا کہ میں والٹ گاڑی میں بھول گئی ہوں تو میں پریشان ہو گئی کہ اب اتنے کم وقت میں ڈرائیور کو کیسے بلاؤں؟مگر اتفاق سے وہاں امیر گیلانی بھی موجود تھے۔
امیر گیلانی نے ماورا حسین کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ اب پیپر سے پہلے سب بہت جلدی میں ہوتے ہیں تو میں نے جب ماورا کو پریشان دیکھا تو میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں پانی کی بوتل کے پیسے میں دے دیتا ہوں۔
امیر گیلانی نے یہ بھی کہا کہ بس ہماری پہلی ملاقات اتنی مختصر سی ہی تھی۔